بنگلورو 13جولائی (ایس او نیوز ) حزب اختلاف کی نکتہ چینی کے بعد وزیراعلیٰ سدارامیا نے ان حالات کی عدالتی جانچ کے آج احکام جاری کئے، جن کے نتیجہ میں منگلورو کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ایم کے گنپتی نے خودکشی کی۔ اس مسئلہ پر اسمبلی میں دو روزہ طویل مباحث کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے انہو ں نے اس معاملہ کی سی بی آئی جانچ کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے بنگلورو ڈیولپمنٹ وزیر کے جے جارج اور دیگر دو افسروں کو کلین چٹ دی ۔ جن پر اس خودکشی کرنے والے پولیس افسرنے ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔ انہو ں نے کہاکہ حکومت نے اس خودکشی کے واقعہ کی پہلے ہی سی اے ڈی جانچ کے احکام دے دیئے ہیں۔سدارامیا نے کہا کہ انہو ں نے عدالتی جانچ کے بھی احکام دیئے ہیں تاکہ جارج اور دو آئی پی ایس افسروں کا گنپتی کی جانب سے نام لینے کے پیش نظر اس کی غیر جانبدارانہ جانچ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اس عدالتی جانچ کی صدارت ہائی کورٹ کے موظف جج کریں گے ،جن سے خواہش کی جائے گی کہ وہ اندرون 6ماہ اپنی رپورٹ پیش کریں۔ گنپتی نے 7جولائی کو خودکشی کی تھی۔ انہوں نے اس انتہائی اقدام سے پہلے مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے اور ہراساں کرنے کا ان تینوں پر الزام لگایا تھا۔ ان کے خاندان کے ارکان نے کوڈگو ضلع کی ایک مقامی عدالت میں پہلے ہی اس سلسلہ میں ان تینوں کے خلاف شکایت کی ہے ۔وزیر کے خلاف ایف آئی آر داخل کرنے پولیس کو ہدایت دینے کی خواہش کرتے ہوئے ایک وکیل نے ہائی کورٹ میں ایک مفاد عامہ کی عرضی بھی داخل کی ہے ۔